
ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ لاہور کا نوجوان حسن زاہد انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے، یہ شخص 2 سے 3 ماہ سے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور مجھے مسلسل شادی کرنے کا کہہ رہاہے اور میرے انکار پر ہراساں کررہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز شام کے وقت یہ شخص میرے گھر آیا، والدہ کی بیماری اور گھر میں بھائی کی غیر موجودگی کے باعث جب میں گیٹ کھولنے کے لیے باہر گئی تو اس نے میرا موبائل چھین لیا اور گاڑی میں بیٹھ گیا۔
سامعہ کا کہنا تھا کہ جب میں نے موبائل واپس لینے کی کوشش کی تو اس نے مجھے زبردستی گاڑی میں گھسیٹ لیا، جس کی ریکارڈنگ بھی موجود ہے، گاڑی میں زبردستی بٹھانے کے دوران مجھے چوٹیں بھی آئیں، جن کے نشانات میرے چہرے پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معروف گلوکارہ آئمہ بیگ رشتہ ازدواج میں منسلک
ٹک ٹاکر نے کہا کہ میں ثنا ء یوسف کی دوست ہوں ، میں ثنا کی طرح موت کے منہ میں نہیں جانا چاہتی اور اس لیے میں اپنا کیس آئی جی اسلام آباد کے ساتھ شیئر کر رہی ہوں، اسلام آباد پولیس نے میری درخواست پر فوری کارروائی کی ہے، رپورٹ درج کی گئی ہے اور تمام تفصیلات حاصل کر کے اس پر ایکشن لیا جا رہا ہے، عوام کو مزید تفصیل سے آگاہ کروں گی۔
سامعہ جعفری نے آئی جی اسلام آباد سے درخواست کرتے ہوئے مزید کہا کہ میری طرح کی ہراسگی کی شکار دیگر لڑکیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور یہ بھی کہا کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری اس شخص پر عائد ہوگی۔



