
کرشمہ شرما کو ویب سیریز راگنی ایم ایم ایس ریٹرنز سے شہرت حاصل ہوئی تھی اور وہ بھارتی میڈیا اور مداحوں کے درمیان خاصی مقبول ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشمہ شرما اپنے دوستوں کے ساتھ لوکل ٹرین میں سفر کر رہی تھیں۔ اس دوران اچانک ان کے کچھ دوست ٹرین پر سوار نہ ہوسکے اور ٹرین چل پڑی۔
اس صورتحال پر گھبراہٹ کا شکار ہو کر اداکارہ نے ٹرین سے چھلانگ لگا دی، بدقسمتی سے اس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئیں۔
اداکارہ نے خود اسپتال سے انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کی اور واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔ کرشمہ نے بتایا کہ ان کی کمر پر گہری چوٹیں آئیں، سر دیوار یا کسی سخت چیز سے ٹکرانے کی وجہ سے سوج گیا جبکہ جسم کے مختلف حصوں پر نیل پڑ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سٹیج اداکارہ پر فائرنگ کرنے والا ملزم قانون کے شکنجے میں آگیا
انہوں نے لکھا کہ یہ لمحہ ان کیلئے انتہائی خوفناک تھا، وہ اپنی زندگی بچنے پر شکر گزار ہیں۔
کرشمہ شرما نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کریں۔ سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے بھی نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
اداکارہ کے قریبی ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔



