لندن میں چاہت فتح علی خان پر انڈوں سے حملہ، ویڈیو وائرل
مزاحیہ انداز میں گلوکاری کر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی شخصیت چاہت فتح علی خان پر لندن میں انڈوں سے حملہ کر دیا گیا
مزاحیہ انداز میں گلوکاری کر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی شخصیت چاہت فتح علی خان پر لندن میں انڈوں سے حملہ کیا گیا/ فائل فوٹو
لندن: (ویب ڈیسک) مزاحیہ انداز میں گلوکاری کر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی شخصیت چاہت فتح علی خان پر لندن میں انڈوں سے حملہ کر دیا گیا۔

واقعے کی ویڈیو وہاں موجود افراد نے ریکارڈ کی جو چند ہی گھنٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نقاب پوش نوجوان اچانک نمودار ہوتے ہیں، انڈے پھینکتے ہیں اور پھر تیزی سے فرار ہو جاتے ہیں۔ اس دوران چاہت فتح علی خان قدرے حیران اور پریشان دکھائی دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر گالم گلوچ کرنیوالا ٹک ٹاکر ندیم عرف ماموں گرفتار

چاہت فتح علی خان، جو اپنے منفرد انداز اور مزاحیہ گیتوں کی وجہ سے مشہور ہیں، اس اچانک حملے کے بعد سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گئے۔ کچھ صارفین نے اس حملے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اختلاف رائے یا مذاق اپنی جگہ لیکن کسی فنکار کے ساتھ اس طرح کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔ دوسری جانب کچھ صارفین نے طنزیہ اور مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔

واقعے کے بعد برطانوی پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور حملہ کرنے والے دونوں نوجوانوں کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات عدم برداشت کی نشاندہی کرتے ہیں جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
یہ واقعہ نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے تشویش کا باعث بنا ہے بلکہ اس نے ایک بار پھر یہ سوال بھی اٹھا دیا ہے کہ عوامی مقامات پر شخصیات کی حفاظت کے لیے مزید سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔