سوشل میڈیا پر گالم گلوچ کرنیوالا ٹک ٹاکر ندیم عرف ماموں گرفتار
ٹک ٹاک اور مختلف سوشل میڈیا فارمز پر گالم گلوچ کرنے والے ٹک ٹاکر ندیم عرف ماموں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کی گرفتاری کے بعد جاری کی گئی ویڈیو سے لی گئی تصویر
مانسہرہ: (سنو نیوز) ٹک ٹاک اور مختلف سوشل میڈیا فارمز پر گالم گلوچ کرنے والے ٹک ٹاکر ندیم عرف ماموں کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایس پی سٹی ریشم جہانگیر کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ سٹی عاصم بخاری نے عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے ندیم عرف ماموں نامی ٹک ٹاکر کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم سوشل میڈیا پر نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر نہ صرف معاشرتی اقدار کو مجروح کر رہا تھا بلکہ نوجوان نسل پر بھی انتہائی منفی اثر ڈال رہا تھا۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کے سخت احکامات پر ضلع مانسہرہ میں سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی اور نازیبا ویڈیوز پھیلانے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، مزید ایسے تمام افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے تمام تھانہ جات کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان دریائے ستلج میں ڈوب گیا

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا کہناہے کہ اس طرح کی غیر اخلاقی حرکات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی، مانسہرہ پولیس معاشرتی اقدار کے تحفظ اور مثبت ماحول کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔

ڈی پی او مانسہرہ کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ جو بھی شخص اس طرح کی حرکات میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بعدازاں گرفتاری کے بعد پولیس کی جانب سے ملزم کا ویڈیو پیغام بھی جاری کیا گیا جس میں اس نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی گفتگو اور گالم گلوچ پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے معافی بھی مانگی۔