یوٹیوبر مدثر حسن جوئے کی تشہیر کے کیس میں چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
Mudassir Hassan
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کی مقامی عدالت نے معروف یوٹیوبر مدثر حسن کے جسمانی ریمانڈ میں چار دن کی توسیع کر دی۔

مدثر حسن پر الزام ہے کہ وہ اپنے یوٹیوب چینل اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جوئے اور بیٹنگ کی ایپس کو فروغ دے رہے تھے جس میں خاص طور پرQuotex نامی ایپ شامل ہے۔

مدثر حسن کے خلاف ایف آئی آر نمبر 25/222 درج کی گئی ہے جس میں ان پر پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کی متعدد دفعات کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات -B294 اور 420 (غیراخلاقی مواد اور دھوکہ دہی) بھی شامل کی گئی ہیں۔

گرفتاری کے وقت حکام نے ان کا موبائل فون بھی ضبط کر لیا جو اس وقت فرانزک جانچ کے لیے بھیجا جا چکا ہے۔

8 ستمبر 2025 کو لاہور کی ضلعی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی منظوری دی جس کے تحت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کو مزید تفتیش کے لیے چار دن دیے گئے ہیں تاکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔

یہ کارروائی نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے سوشل میڈیا پر غیر قانونی بیٹنگ اور جوئے کے فروغ کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔ اس سے پہلے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کے خلاف بھی اسی نوعیت کے الزامات میں ریمانڈ میں بارہا توسیع کی جا چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان دریائے ستلج میں ڈوب گیا

حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر ایسی ایپس کی پروموشن نہ صرف پاکستانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ نوجوان نسل کی ذہنی، مالی اور سماجی فلاح کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔

واضھ رہے کہ حالیہ مہینوں میں آن لائن جوئے سے متعلق مواد کو سوشل میڈیا پر فروغ دینے والے انفلوئنسرز کے خلاف ریاستی ادارے سخت کارروائی کر رہے ہیں۔ مدثر حسن کے خلاف کارروائی اسی سلسلے کی تازہ کڑی ہے اور ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔