معروف گلوکارہ قراۃ العین بلوچ ریچھ کے حملے میں زخمی
Quratulain Balouch
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی نامور گلوکارہ قراۃ العین بلوچ دیوسائی نیشنل پارک میں ریچھ کے حملے کا شکار ہو گئیں۔

یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب گلوکارہ اپنے دوستوں کے ساتھ کیمپنگ میں مصروف تھیں، اچانک جنگلی ریچھ نمودار ہوا اور ان پر حملہ کر دیا۔

حملے کے نتیجے میں قراۃ العین بلوچ کے دونوں بازو ریچھ کے ناخن لگنے سے زخمی ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق واقعہ غیر متوقع تھا، جس کے فوری بعد کیمپنگ سائٹ پر موجود افراد نے فوری طور پر شور مچاکر ریچھ کو بھگانے کی کوشش کی۔

گلوکارہ کو فوری طور پر ریجنل ہسپتال اسکردو منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے زخم زیادہ گہرے نہیں تھے اور گلوکارہ اب خطرے سے باہر ہیں۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر قراۃ العین بلوچ کے مداحوں نے ان کی صحتیابی کیلئے دعاؤں کا سلسلہ شروع کر دیا۔ کئی مداحوں نے جنگلی جانوروں کے قریب سیاحتی سرگرمیوں کے دوران احتیاط برتنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں:ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو دھمکیاں دینے والا اسکا سابقہ منگیترنکلا

 ذہن نشین رہے کہ دیوسائی نیشنل پارک اپنی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات، خصوصاً ریچھوں کی موجودگی کیلئے مشہور ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے علاقوں میں کیمپنگ کرنے والوں کو حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ اس طرح کے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ قراۃ العین بلوچ کی جانب سے اب تک اس واقعے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ گھرپر آرام کر رہی ہیں اور جلد مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کریں گی۔