
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی کی ٹیم نے معروف یوٹیوبر مدثر حسن کو لاہور سے گرفتار کیا، یوٹیوبر پر سوشل میڈیا کے ذریعے جوا ایپس کی تشہیر کا الزام ہے۔
این سی سی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ ملزم مدثر حسن کے علاوہ معروف یوٹیوب چینل سسٹرالوجی سمیت تین چینلز کے خلاف جوئے کی پرموشن کی انکوائری چل رہی ہے۔
یاد رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے سسٹرالوجی کے نام سے یوٹیوب چینل چلانے والی ٹک ٹاکر اقراء کنول سمیت دیگر کو نوٹس بھجوائے تھے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائیاں غیر رجسٹرڈ آن لائن بیٹنگ اور ٹریڈنگ ایپلی کیشنز کی تشہیر اور غیر قانونی مالی معاملات کے الزامات کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوبر ڈکی بھائی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری نوٹسز میں کہا گیا تھا کہ یہ افراد آن لائن جوا ایپس کے ذریعے مالیاتی دھوکہ دہی، نوجوانوں کو غیر رجسٹرڈ جوئے کی ایپس میں سرمایہ کاری پر اکسانے اور عوام کی محنت کی کمائی لوٹنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق جن یوٹیوبرز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، اگر وہ پیش نہ ہوئے تو ان کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے جائیں گے تاکہ وہ بیرونِ ملک فرار نہ ہو سکیں۔
یاد رہےکہ اس سے قبل این سی سی آئی اے کی جانب سے معروف یوٹیوبر سعدالرحمان عرف ڈکی بھائی کو بھی جوا ایپس کی پروموشن کے الزام میں لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا جا چکا ہے۔



