یوٹیوبر ڈکی بھائی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
Ducky bhai
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) جوا ایپ کیس میں گرفتار معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کو عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوئی جہاں ایف آئی اے نے ملزم کو سخت سیکیورٹی میں ضلع کچہری میں پیش کیا۔

سماعت کے دوران ایف آئی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈکی بھائی سے مزید تفتیش کرنی باقی ہے کیونکہ کیس میں کئی پہلو اب بھی سامنے آ رہے ہیں۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کا مزید ریمانڈ دیا جائے تاکہ جوا ایپ کے نیٹ ورک اور دیگر ملوث افراد تک رسائی حاصل کی جا سکے۔

دوسری جانب ملزم کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈکی بھائی کیخلاف الزامات بے بنیاد ہیں اور انہیں بلاوجہ کیس میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ایف آئی اے کے پاس کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں جن کی بنیاد پر مزید ریمانڈ دیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:خاتون ٹک ٹاکر کو اغواکرنے کی کوشش، قتل کی دھمکیاں

عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں ڈکی بھائی کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔ فیصلے کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم ملزم کو دوبارہ حراست میں لے کر اپنے ہمراہ لے گئی۔

یاد رہے کہ جوا ایپ کیس میں متعدد افراد کو اب تک گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔