ایمیلی اِن پیرس کے ڈائریکٹر دورانِ شوٹنگ انتقال کر گئے
Emily in Paris Director Death
فائل فوٹو
روم: (ویب ڈیسک) معروف نیٹ فلکس سیریز ایمیلی اِن پیرس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈیاگو بورَیلا اٹلی کے شہر وینس میں شوٹنگ کے دوران اچانک انتقال کر گئے۔

اطالوی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق 47 سالہ اطالوی ڈائریکٹر ہوٹل ڈینیلی میں سیریز کے پانچویں سیزن کی ریکارڈنگ کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک گر پڑے۔ طبی عملے نے فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی مگر وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پیراماؤنٹ ٹیلی ویژن اسٹوڈیوز نے اپنے بیان میں اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہم دل گرفتہ ہیں کہ اپنی پروڈکشن فیملی کے ایک اہم رکن کو اچانک کھو دیا، ہمارے خیالات اور دعائیں مرحوم کے اہل خانہ اور عزیزوں کے ساتھ ہیں۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد ایمیلی اِن پیرس کے پانچویں سیزن کی شوٹنگ کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شوٹنگ 15 اگست سے وینس میں جاری تھی اور 25 اگست تک مکمل ہونا تھی۔ تاہم بوریلّا کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد ٹیم دوبارہ فلم بندی کا آغاز کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پنجابی کامیڈین جسویندر بھلا 65 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

ذہن نشین رہے کہ ایمیلی اِن پیرس ایک رومانٹک کامیڈی سیریز ہے جسے پہلی بار 2020 میں کورونا وبا کے دوران ریلیز کیا گیا۔ یہ سیریز اپنی دلکش لوکیشنز، منفرد کہانی اور مرکزی کردار ایمیلی کے ذریعے ناظرین میں بے حد مقبول ہوئی۔ اب تک اس کے چار سیزنز ریلیز ہو چکے ہیں، جبکہ پانچواں سیزن رواں سال کے آخر تک ناظرین کے سامنے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

بورَیلا کی اچانک موت نے شو کی پروڈکشن ٹیم کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔