
تفصیلات کے مطابق جسویندر بھلا پنجابی فلموں میں اپنی کامیڈی اور مخصوص انداز کے باعث بے حد مقبول تھے۔ انہوں نے کیری آن جٹا، میل کرادے ربا، جٹ اینڈ جولیٹ، پاور کٹ اور دیگر سپر ہٹ فلموں میں شاندار کردار ادا کیے۔ ان کی کامیڈی میں پنجابی کلچر کی جھلک، دیسی مزاح اور عوامی زبان کی سادگی نمایاں نظر آتی تھی، جو انہیں عام ناظرین کے دلوں کے قریب لے آئی۔
یہ بھی پڑھیں:عاطف اسلم کے والد خالق حقیقی سے جا ملے
ان کی اچانک موت پر ساتھی اداکار گپی گریوال نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ خبر یقین کرنا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ "میں صدمے میں ہوں، وہ ہمارے لیے ایک باپ اور سرپرست کی طرح تھے۔ ان کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ یادگار رہا، وہ نا صرف ایک کامیاب اداکار تھے بلکہ ایک اچھے انسان بھی تھے جو ہر کسی کے ساتھ خاندان جیسا برتاؤ کرتے تھے۔"
گپی گریوال نے مزید کہا کہ جسویندر بھلا کی میراث ان کے فن اور کرداروں کے ذریعے ہمیشہ زندہ رہے گی۔ "انہوں نے جو ہنسی اور خوشیاں ہمیں دیں، وہ کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ میں ان یادوں کو ہمیشہ اپنے دل میں زندہ رکھوں گا جو ہم نے ایک ساتھ شیئر کیں۔"
پنجابی فلم انڈسٹری کے دیگر اداکاروں اور مداحوں نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جسویندر بھلا نے اپنی زندگی مزاح اور خوشیوں کے نام کی اور ان کی کمی کبھی پوری نہیں کی جا سکے گی۔



