
معروف ٹک ٹاکر سعدالرحمان المعروف ڈکی بھائی کو نیشنل سائبر کرائم ایجنسی حکام کی جانب سے لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پراسیکیوشن کی جانب سے ڈکی بھائی کے 12 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی استدعا مسترد کردی، جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم سعدالرحمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
یاد رہے کہ ڈکی بھائی کو ایک روز قبل علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا تھا، حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈکی بھائی کیخلاف مختلف شکایات موصول ہوئی تھیں جن پر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی تحقیقات کررہی ہے ۔
دوسری جانب نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے ملک بھر میں جوا ایپس کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ایئرپورٹ پر معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی گرفتار
نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں جوئے اور کسینو سے منسلک 46 ایپس کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے ان غیر قانونی ایپس میں فاریکس ٹریڈنگ کی نان ریگولیٹڈ ایپس بھی شامل ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے بلاک کی گئی ایپس میں ایسی ایپلی کیشنز بھی شامل ہیں جو شہریوں کا ذاتی ڈیٹا اور موبائل نمبر کی تفصیلات دیتی ہیں، ایجنسی کی درخواست پر پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) فہرست میں شامل تمام غیر قانونی ایپس کو بند کرے گی۔