مشہور ٹک ٹاکر مخدوم جنید جانی ہنی ٹریپ اسکینڈل میں گرفتار
TikToker Junaid Jani arrest
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے معروف ٹک ٹاکر مخدوم جنید جانی کو ایف آئی اے نے ہنی ٹریپ کیس میں گرفتار کرلیا۔

الزامات کے مطابق ٹک ٹاکر نے ایک شخص کو جعلی اور نازیبا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرکے بھاری رقم وصول کی۔

مخدوم جنید جانی نے مبینہ طور پر متاثرہ شخص سے 40 لاکھ روپے بٹورے اور مزید 70 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا، جب متاثرہ شخص نے اضافی رقم ادا کرنے سے انکار کیا تو ٹک ٹاکر نے ناقابلِ اعتراض ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک کردیں۔

گرفتاری کے دوران جنید جانی نے ایف آئی اے ٹیم سے مزاحمت کرتے ہوئے اپنے ساتھ موجود تین خواتین رشتہ داروں کو احتجاج کیلئے اکسایا۔

اطلاعات کے مطابق ٹک ٹاکر کی جانب سے اس واقعے کی لائیو اسٹریمنگ بھی کی گئی، جس سے بڑی تعداد میں لوگوں کی توجہ اس واقعے کی جانب مبذول ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں:ہانیہ عامر دنیا کی 10 خوبصورت اداکاراؤں کی فہرست میں شامل

حکام کے مطابق مزاحمت کے دوران ٹک ٹاکر نے ایک ایف آئی اے افسر کو تیز دھار آلے سے زخمی بھی کردیا، جس کے بعد فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جنید جانی اور 3 خواتین کو حراست میں لے لیا۔

ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کیخلاف بلیک میلنگ، دھوکہ دہی اور سرکاری افسر کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات کے بعد اس گروہ سے جڑے دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔