
حال ہی میں اداکار پرکاش راج بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع وادیاناڈ میں منعقد ہونیوالے ادبی فیسٹیول میں شریک ہوئے جہاں کی گئی ان کی گفتگو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
اس لٹریچر فیسٹیول کے دوران اداکار پرکاش راج سے نریندر مودی اور کپور خاندان کے درمیان ہونے والی ملاقات اور بھارتی ریاست منی پور میں جاری فسادات سے متعلق سوال پوچھا گیا۔
پرکاش راج نے اس سوال پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پہلے تو یہ یاد رکھیں کہ کپور خاندان ایک اداکاروں کا خاندان ہے جس سے ایک "اداکار" نے ملاقات کی، کپور خاندان سے بھارتی وزیراعظم کی ملاقات نہیں ہوئی۔
اداکار نے نریندر مودی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر منی پور بھارت کے علاوہ کسی دوسرے ملک میں ہوتا تو شاید نریندر مودی دکھاوے اور ڈرامے کی خاطر وہاں جاتے لیکن وہ بھارت کا علاقہ ہے اس کے باوجود مودی منی پور نہیں گئے۔
بالی ووڈ اداکار پرکاش راج کی نریندر مودی پر کڑی تنقید، بے شرم و بے حس قرار دیدیا pic.twitter.com/UB8zkQKAGt
— Bilal khokhar (@Bilalkh1994) June 11, 2025
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ ہمارے پاس ایک ایسا شخص وزیر اعظم ہے، جس کا کوئی وژن، مقصد اور لائحہ عمل نہیں ہے، نریندر مودی ایک بے شرم، بے حس، بے ضمیر اور سنگل دل شخص ہے۔
پرکاش راج نے کہا کہ بھارت پر ایک بے رحم، سنگدل اور بے شرم وزیر اعظم مسلط ہے، جس کے پاس کوئی وژن نہیں ہے۔
بالی ووڈ اداکار کی جانب سے نریندر مودی کی گئی کڑی تنقید کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس پر صارفین تبصرے کرتے ہوئے ان کی بات سے متفق نظر آئے۔
واضح رہے کہ اداکار پرکاش راج کا شمار بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور حکمران جماعت بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سخت حریفوں میں ہوتا ہے اور وہ اکثر وبیشتر مودی اور اس کے حواریوں کے خلاف کھری کھری باتیں کرتے دکھائی دیتے ہیں۔