2025 کے تین بڑے پاکستانی ڈرامے، جن کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری 2025 میں ایک نئی توانائی اور جوش کے ساتھ سامنے آ رہی ہے۔ شائقینِ ڈرامہ کے لیے یہ سال کئی حیران کن اور دلچسپ پراجیکٹس لے کر آ رہا ہے
پاکستانی شوبز سٹار ہانیہ عامر اور وہاج علی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری 2025 میں ایک نئی توانائی اور جوش کے ساتھ سامنے آ رہی ہے۔ شائقینِ ڈرامہ کے لیے یہ سال کئی حیران کن اور دلچسپ پراجیکٹس لے کر آ رہا ہے، جن میں بڑے اداکاروں کی واپسی، منفرد موضوعات اور جاندار کہانیاں شامل ہیں۔ اس سال کے تین سب سے زیادہ منتظر ڈرامے ناظرین کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔

میری زندگی ہے تُو

اس رومانوی ڈرامے میں پہلی بار بلال عباس خان اور ہانیہ عامر کو ایک ساتھ اسکرین پر دیکھا جائے گا۔ ہدایتکار مصدق ملک کی زیرِ نگرانی بننے والا یہ پراجیکٹ سوشل میڈیا پر پہلے ہی خوب مقبول ہو چکا ہے۔ پوسٹرز، سیٹ کی تصاویر اور لوکیشن ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں، اور مداح اس کی ریلیز کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ ڈرامے کی کہانی محبت، قربانی اور رشتوں کے نازک بندھنوں کے گرد گھومتی ہے۔

سانول یار پیا

یہ ڈرامہ ابتدا ہی سے خبروں میں رہا ہے، خاص طور پر جب اقرا عزیز نے فیروز خان کی کاسٹنگ پر اعتراض کرتے ہوئے اس پروجیکٹ سے الگ ہونے کا اعلان کیا۔ تاہم، اس تنازعے کے باوجود، احمد علی اکبر، درفشان سلیم اور فیروز خان جیسے باصلاحیت اداکاروں پر مشتمل یہ سیریل اپنی منفرد کہانی کی بدولت ناظرین کی توقعات پر پورا اترنے کا دعویٰ رکھتی ہے۔ مصنف ہاشم ندیم اور ہدایتکار دانش نواز کی جوڑی پہلے بھی کئی کامیاب پراجیکٹس دے چکی ہے، جس سے شائقین کو اس ڈرامے سے بھی بہت امیدیں وابستہ ہیں۔

جن کی شادی، ان کی شادی

یہ ایک مزاحیہ رومانوی ڈرامہ ہے جس کا منفرد نام ہی ناظرین کی توجہ اپنی جانب کھینچ لاتا ہے۔ اداکار وہاج علی اور سحر خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، جب کہ معاون اداکاروں میں ارسلان نصیر، سید جبران، نادیہ افغان، رومیصہ خان اور سدرہ نیازی شامل ہیں۔ ہلکی پھلکی مزاحیہ کہانی اور جاندار مکالمے اس ڈرامے کو خاندانی تفریح کے طور پر پیش کرتے ہیں۔

 

ان تینوں ڈراموں کی ریلیز کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان تو ابھی باقی ہے، لیکن مداحوں کی دلچسپی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ بلاشبہ 2025 کا سال پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لیے ایک نیا باب ثابت ہو سکتا ہے۔