دنا نیر مبین فلمی دنیا میں بھی قدم رکھنے کو تیار
 پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ دنا نیر مبین نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی تیاری کرلی۔
فوٹو بشکریہ فیس بک
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ دنا نیر مبین نے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی تیاری کرلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار دنا نیر مبین جلد فلم "بہناز" میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی، فلم ساز ابو علیحہ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم "بہناز" سپورٹس بیسڈ پراجیکٹ ہے جس میں دنا نیر مبین سینئر اداکارہ عائشہ عمر کے ساتھ سکرین شیئر کریں گی۔

یاد رہے کہ دنا نیر مبین کا پہلا تعارف سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک مختصر ویڈیو " پاوری ہو رہی ہے" سے ہوا تھا اور یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔

اسی وائرل ویڈیو کے بعد دنا نیر کیلئے شوبز انڈسٹری کے دروازے کھلے تھے ، اب دنا نیر مبین ایک سوشل میڈیا سٹار نہیں بلکہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ بن چکی ہیں۔

دنانیر نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز اداکاری سے کرتے ہوئے ’صنفِ آہن‘ میں شاندار ڈیبیو کیا، جہاں ان کے کردار کو ناظرین کی جانب سے خوب پذیرائی ملی۔

اس کے بعد دنا نیر مبین نے ’محبت گمشدہ میری‘،’ویری فلمی‘ اور حالیہ ہٹ ڈرامہ ’میم سے محبت‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائی جوناظرین میں خاصے مقبول ہوئے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی دنا نیر مبین کی فلمی دنیا میں انٹری پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے، صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے اب دنانیر صرف میمز کی دنیا تک محدود نہیں رہی، وہ واقعی سکرین پر چھا جانے آئی ہیں۔

اداکارہ کے مداحوں کی جانب سے دنا نیر کے سوشل میڈیا اسٹار سے اداکارہ تک کے سفر کو خوبصورت قرار دیا جارہا ہے ۔

دوسری جانب کچھ ناقدین نے کہا کہ مشہور ہونا اور اداکار ہونا دو مختلف چیزیں ہیں، فلم انڈسٹری ایک سنجیدہ میدان ہے، یہاں صرف چہرہ یا وائرل ہونا کافی نہیں۔