
میوزک فینز کےلئے ویلو ساؤنڈ سٹیشن سیزن تھری کا آغاز ہوگیا،جس میں بلال لاشاری اور معروف پروڈیوسر عمارہ حکمت نے شاندار میوزک ویڈیوز تخلیق کرنے کا عزم کیا ہے۔ اس موقع پر لاہور کے فورٹ می یور میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
اس تقریب میں بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم، سپر سٹار اداکار و گلوکار فواد خان، شئے گل، انورل خالد، فارس شفیع، زین زوہیب، میشا شفیع، ینگ سٹنر اداکارہ عفت عمر، فیشن ڈیزائنر محسن رانجھا، رانا منان، وقار بٹ، ولید اور چئیرمین والڈ سٹی کامران لاشاری سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
تقریب کی میزبانی ایچ ایس وائے نے کی، اور سیزن کا آغاز گلوکار فارس شفیع اور زین زوہیب کے شاندار ویڈیو سونگ سے ہوا، جسے حاضرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ ان کی لائیو پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ اس موقع پر شرکاء نے بلال لاشاری کی ڈائریکشن کو بے حد سراہا۔
ذہن نشین رہے کہ ویلو ساؤنڈ سٹیشن کا یہ سیزن تھری گلوکار عاطف اسلم، فواد خان، شئے گل، انورل خالد، ینگ سٹنر حسن رحیم، نتاشا نورانی، ریشم، فیض عبد الحنان اور عدنان دھول جیسے نامور گلوکاروں کی پرفارمنس سے سجا ہوا ہوگا۔ اس سیزن میں پاکستانی میوزک کے شائقین کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ویلو ساؤنڈ سٹیشن کا شمار پاکستان کے سب سے اہم موسیقی پلیٹ فارمز میں ہوتا ہے، جس نے پچھلے سیزنز میں نئے اور تخلیقی فنکاروں کو متعارف کرایا۔ اس کے ذریعے پاکستانی موسیقی کی دنیا میں ایک نیا رنگ آیا ہے۔
بلال لاشاری کی تخلیقی صلاحیتیں اور سنیما میں ان کا منفرد انداز، ویلو ساؤنڈ سٹیشن سیزن تھری میں بھی دکھائی دے گا، جو موسیقی کے میدان میں نیا رنگ لائے گا۔
بلال لاشاری کی کامیاب فلموں دی لیجنڈ آف مولا جٹ اور وار کے بعد اب وہ اپنی تخلیقی مہارت اور وژن کو میوزک کی دنیا میں دکھائیں گے۔
دوسری جانب شائقین موسیقی کا کہنا ہے کہ اس سیزن کے ذریعے نہ صرف نئے گلوکاروں کو مواقع ملیں گے، بلکہ پاکستانی موسیقی کی نئی جہتیں بھی سامنے آئیں گی۔



