یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی فنکار کو بیک وقت ہاؤس آف کامنز اور ہاؤس آف لارڈز سے اعزاز دیا گیا ہو جس نے عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
فہد مصطفیٰ کو ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ ایوارڈ اور گلوبل کلچرل یونٹی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان ایوارڈز کا مقصد ثقافتی ہم آہنگی، تنوع، اور عالمی سطح پر مثبت اثر ڈالنے والی شخصیات کی خدمات کو سراہنا ہے۔
اداکار نے انسٹاگرام پر اپنے ایوارڈز کے ساتھ تصویر اور ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں ان کی کامیابی کا جشن منایا جا رہا تھا۔ ویڈیو میں بتایا گیا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ نے کسی فنکار کو دونوں ہاؤسز کی جانب سے بیک وقت اعزاز سے نوازا ہے۔
فہد مصطفیٰ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ "یہ کامیابی میری نہیں بلکہ پاکستان کے ہر فنکار، کہانی نگار اور خواب دیکھنے والے کی ہے۔ یہ ہمارے ملک کی ثقافتی طاقت اور کہانیوں کے غیر متزلزل جذبے کا ثبوت ہے جو عالمی سطح پر ہماری شناخت بناتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر بے حد فخر اور عاجزی محسوس ہو رہی ہے۔
فہد مصطفیٰ نے اس موقع پر برطانوی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ، دی رائٹ آنریبل لارڈ واجد خان، اور ملٹی کلچرل یو کے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس تجربے کو ناقابل یقین اور ناقابل فراموش قرار دیا۔
فہد مصطفیٰ کی اس کامیابی نے نہ صرف پاکستان کی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرایا بلکہ یہ ثابت کیا کہ پاکستانی فنکار اپنی قابلیت کے ذریعے دنیا کے کسی بھی کونے میں اپنی موجودگی کا احساس دلا سکتے ہیں۔