
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ سپر سٹار سلمان خان کو ایک بار پھر جان سے ماردینے کی دھمکی موصول ہوئی تھی اور دھمکی دینے والے نامعلوم شخص نے ان سے 2 کروڑ بھارتی روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے ممبئی ٹریفک پولیس کو بھیجے گئے پیغامات میں کہا گیا تھا کہ اگر سلمان خان نے 2 کروڑ روپے ادا نہیں کیے تو میں ان کو قتل کر دوں گا، ملزم نے پیغام سوشل میڈیا میسجنگ ایپ واٹس ایپ کے ذریعے بھیجے تھے۔
اب بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ ممبئی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی عمل میں لائی اور واقع میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم کی شناخت اعظم محمد مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے، ملزم اعظم باندرا کا رہائشی ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی بالی ووڈ دبنگ سٹار سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے والے 20 سالہ نوجوان کو بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر نوائیڈہ سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے سلمان خان کو قتل کی دھمکی دیتے ہوئے خود کو بدنامِ زمانہ بشنوئی گینگ کا رکن ظاہر کیا تھا اور جان بخشی کے لئے 5 کروڑ بھارتی روپے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ اسی 20 سالہ نوجوان نے سلمان خان کے قریبی دوست و مسلم سیاستدان مرحوم بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی کو بھی دھمکیاں دی تھیں، رواں ماہ ہی بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کیا گیا تھا اور اس قتل کی ذمہ داری سلمان خان کی جانی دشمن بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی