بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اکثر اپنے دلکش انداز اور تنازعات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں، لیکن اس بار انہوں نے پاکستان اور بھارت کے کرکٹ شائقین کو اپنی پسند سے متاثر کیا ہے۔
ارواشی نے انکشاف کیا کہ ان کے پسندیدہ پاکستانی کھلاڑی کوئی اور نہیں بلکہ پاکستان کے نوجوان اور باصلاحیت فاسٹ بولر نسیم شاہ ہیں۔ ان کے اس بیان نے نہ صرف کرکٹ کے مداحوں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دی ہے، کیونکہ ماضی میں ارواشی کے کچھ دیگر کرکٹرز کے ساتھ جڑنے کی افواہیں سامنے آ چکی ہیں۔نسیم شاہ کے مداح بھی اس خبر پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کے حق میں تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
ارواشی روتیلا کے کرکٹرز سے متعلق بیانات اور افواہیں اکثر و بیشتر خبروں کی ہیڈلائن بنتی رہتی ہیں،اس سے پہلے ان کا نام بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپررشبھ پنت کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے۔ تاہم اس بار انہوں نے پاکستانی کرکٹ اسٹار نسیم شاہ کی تعریف کر کے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
واضح رہے کہ نسیم شاہ، جو اپنی تیز رفتار بولنگ اور معصومانہ مسکراہٹ کیلئے مشہور ہیں اور پاکستانی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستارے ہیں۔ ارواشی کے اس بیان کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ کہیں یہ پسندیدگی آنے والے وقت میں کوئی نیا تنازعہ تو پیدا نہیں کردے گی۔
نسیم شاہ کے مداحوں نے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ارواشی کے لیے مثبت تبصرے کیے ہیں۔ بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی دنیا میں پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کے لیے ایک دوسرے کی تعریف ایک خوش آئند قدم ہے اور یہ دونوں ممالک کے مداحوں کے درمیان تعلقات کو بہتر کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ایشیا کپ کے دوران ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں ارواشی کو نسیم شاہ کیطرف دیکھ مسکراتے ہوئے دیکھا گیا تھا،اس ویڈیو کے بعد ارواشی نے نسیم شاہ کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کی تھی، جس کے بعد ان دونوں کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے تھے۔
ارواشی کے سوشل میڈیا پر حالیہ ویڈیو کے بعد ایک بار پھر سے میمز اور تبصروں کی بھرمار ہو گئی ہے،کچھ صارفین مزاحیہ انداز میں کہہ رہے ہیں کہ ارواشی ٍاب بھارتی کرکٹرز کو چھوڑ کر پاکستانی کھلاڑیوں کی طرف توجہ دے رہی ہیں، تاہم کچھ مداحوں نے ان کے انتخاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نسیم شاہ واقعی ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور ان کی تعریف ہر لحاظ سے جائز ہے۔