ارجیت سنگھ کی کانسرٹ میں پیش آئے ناخوشگوار واقعے پر خاتون سے معذرت
ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے برطانیہ میں اپنے کانسرٹ کے دوران پیش آنے والے ایک ناخوشگوار واقعے پر معذرت کر لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارجیت سنگھ ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں اور وہاں اپنے کانسرٹس کے ذریعے مداحوں کو محظوظ کر رہے ہیں،تاہم ان کے حالیہ کانسرٹ کے دوران ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں دکھایا گیا کہ سکیورٹی گارڈز نے ایک خاتون کو اسٹیج کے قریب جانے سے روکنے کے لیے نازیبا رویہ اپنایا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار کی پرفارمنس کے دوران ایک خاتون نے اسٹیج کے قریب پہنچنے کی کوشش کی،جس پر سکیورٹی گارڈز نے اسے روکنے کی کوشش کی،خاتون نے گارڈز کو بتایا کہ گلوکار نے اسے بلایا ہے، لیکن اس کے باوجود ایک گارڈ نے زبردستی خاتون کی گردن پکڑ کر اسے پیچھے ہٹانے کی کوشش کی۔

جب ارجیت سنگھ کی نظر اس منظر پر پڑی تو انہوں نے فوراً اپنا گانا روک دیا اور سکیورٹی اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کسی کو پکڑنا مناسب نہیں ہے۔انہوں نے گردن کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی حرکت کسی کی عزتِ نفس کو مجروح کر سکتی ہے۔

بعدازاں ارجیت نے شرکا سے بیٹھنے کی درخواست کی اور خاتون سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں معذرت خواہ ہوں، کاش میں آپ کی حفاظت کے لیے وہاں ہوتا، لیکن میں ایسا نہیں کر سکا۔

ارجیت سنگھ کے اس عمل نے ان کے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں، کیونکہ انہوں نے ایک بڑے پلیٹ فارم پر کھلے عام سکیورٹی گارڈز کے غلط رویے کی مذمت کی اور خاتون کی عزت نفس کو ترجیح دی۔ گلوکار کی اس حساسیت اور فوری ردعمل کی سوشل میڈیا پر بھی خوب پذیرائی ہوئی۔