ثناء خان کی حجاب کے بعد کی زندگی پر گفتگو
September, 20 2024
ممبئی:(ویب ڈیسک)سابق بالی وڈ اداکارہ ثناء خان حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران اپنے ماضی کی یادوں پر بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔
انہوں نے حجاب اپنانے کے بعد اپنی مسلم شناخت میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کیا۔
پوڈ کاسٹ کی میزبان روبینہ دلائیک نے جب ثنا خان سے ان کی مذہب کی طرف واپسی کے بارے میں سوال کیا، تو ثناء نے بتایا کہ وہ ایک وقت خود سے یہ سوال کرنے لگی تھیں کہ وہ خوش کیوں نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی میں ایک مرحلہ ایسا بھی آیا جب انہیں احساس ہوا کہ ان کی باڈی لینگویج درست نہیں تھی۔
ثنا ءخان نے اپنے اسلامی عقائد پر بات کرتے ہوئے کہا، "بطور عورت، مجھے کبھی محسوس نہیں ہوا کہ میں کس طرح اپنے آپ کو کھو رہی ہوں۔ ایک شلوار قمیض پہن کر کالج جانے والی لڑکی اب کب اور کیوں مختصر لباس پہننے لگی؟ یہ سوچ کر آج بھی مجھے رونا آتا ہے۔"
اپنے خاندان کی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے، ثنا خان نے کہا کہ ان کے شوہر کے ساتھ ان کا کوئی مقابلہ نہیں، انہوں نے اپنے شوہر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں "ہیرے" سے تشبیہ دی اور خود کو "کوئلہ" قرار دیا۔
یاد رہے کہ ثناء خان نے 2020 ء میں بالی وڈ چھوڑ دیا تھا اور 2021 ءمیں مفتی انس سید سے شادی کی، اور اس کے بعد سے وہ خوشحال زندگی گزار رہی ہیں۔ گذشتہ سال، انہیں ایک بیٹے کی خوشخبری بھی ملی۔