عالمی منڈی میں خام تیل سستا، کمی کی بڑی وجہ سامنے آگئی
غیر ملکی خبر رساں ادارے دی مارننگ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی ایک اہم وجہ روس اور یوکرین کے درمیان توانائی تنصیبات پر حملے روکنے سے متعلق معاہدہ ہے، جس کے باعث تیل کی رسد میں اضافے کی توقعات پیدا ہوئی ہیں۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت ایک ڈالر 54 سینٹ، یعنی 1.47 فیصد کمی کے بعد 103 ڈالر 18 سینٹ فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت بھی ایک ڈالر 54 سینٹ، یعنی 1.68 فیصد کمی کے بعد 90 ڈالر 31 سینٹ فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق روسی تیل کی سپلائی میں اضافے سے عالمی منڈی میں قیمتوں پر دباؤ کم ہوسکتا ہے، تاہم مستقبل میں تیل کی قیمتوں کا انحصار توانائی تنصیبات پر حملوں میں کمی اور عالمی رسد کی صورت حال پر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں بڑی کمی، نئے نرخ جانیے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق یوکرین اور روس نے امریکی ڈیزل سپلائی کے معاہدے کے بعد ایک دوسرے کی توانائی تنصیبات پر حملے روکنے پر اتفاق کیا ہے، جس سے روسی تیل کی سپلائی میں اضافے کی توقع پیدا ہوئی ہے۔
بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے مطابق دنیا بھر میں ڈیزل کی یومیہ کھپت تقریباً 2 کروڑ 90 لاکھ بیرل ہے، جس کے باعث اضافی رسد کو عالمی توانائی منڈی کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع بھی عالمی تیل کی قیمتوں پر اثرانداز ہورہا ہے، جس کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر برقرار رہی۔