عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 1.23 فیصد کمی کے بعد 103 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 1.15 فیصد گر کر 90.44 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
تیل کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجہ امریکی صدر کا تازہ بیان قرار دیا جا رہا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کر رہا ہے اور 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
صدر ٹرمپ کے اس بیان کے بعد عالمی سرمایہ کاروں میں یہ توقع پیدا ہوئی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے خاتمے اور تیل کی ترسیل معمول پر آنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں، تاہم خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کے باعث عالمی توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات ابھی ختم نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو مشرق وسطیٰ سے تیل لے جانے والے بحری جہازوں پر حملوں کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی منڈی کیلئے مسلسل تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، کیونکہ یہ راستہ دنیا بھر میں تیل کی ترسیل کیلئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی ایک روپے 11 پیسے فی یونٹ مہنگی
معاشی ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت اور خطے کی سکیورٹی صورتحال آئندہ دنوں میں تیل کی قیمتوں کا رخ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔