ایف بی آر کا فیکٹریوں کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کا فیصلہ
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیکڈ جائے گھی اور خوردنی تیل تیار کرنے والی فیکٹریوں کی الیکٹرانک نگرانی کی جائے گی جبکہ الیکٹرونکس، ہوم اپلائنسز، کاغذ اور گتے کے کارخانوں کو بھی اسی نظام میں شامل کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ لیدر مصنوعات، گارمنٹس، ٹیکسٹائل اور جننگ فیکٹریوں کی پیدوار پر بھی الیکٹرانک نظر رکھی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایف پی ایس سی امتحانی شیڈول تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ
ایف بی آر کے مطابق متعلقہ صنعتوں کو آبزڈین ٹیکنالوجیز، ٹولنک پاکستان، آتھینٹک یا آئی ایس ایس ایم لیبلنگ میں سے کسی ایک کمپنی سے مانیٹرنگ کے آلات حاصل کرنا ہوں گے اور تین سال تک اسی نظام کے ذریعے نگرانی کرانا ہوگی۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ چاروں کمپنیاں بورڈ کی جانب سے تصدیق شدہ الیکٹرانک مانیٹرنگ فراہم کرنے والی کمپنیاں ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نظام سے فیکٹریوں کی اصل پیداوار اور فروخت کا درست اندازہ لگانے میں مدد ملے گی، جس کے نتیجے میں سیلز ٹیکس کی مکمل وصولی یقینی بنانے میں آسانی ہو گی۔