عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر توانائی کی عالمی صورتحال پر مرکوز ہوگئی ہے۔ تازہ کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر 14 سینٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اضافے کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 103 ڈالر 73 سینٹ فی بیرل ہوگئی، جو رواں ماہ کے دوران قیمتوں میں نمایاں اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
دوسری جانب امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 34 سینٹ بڑھ کر 89 ڈالر 72 سینٹ فی بیرل پر پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی ایک اہم وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کیلئے آمادگی کی تردید کو قرار دیا جارہا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ایران سے متعلق پیش رفت کو تیل کی رسد اور مستقبل کی قیمتوں کے تناظر میں اہم سمجھا جارہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت رواں ماہ تقریباً 14 فیصد اضافے کی جانب گامزن ہے، اگر یہ اضافہ برقرار رہتا ہے تو یہ جولائی کے بعد برینٹ کی قیمت میں سب سے بڑا ماہانہ اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں رواں ماہ تقریباً 4 فیصد اضافے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا اثر مختلف ممالک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتا ہے، تاہم مقامی قیمتوں کا تعین دیگر عوامل کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔