سولر سسٹم صارفین کیلئے بڑی خوشخبری
مختلف اقسام کی بیٹریز کی قیمتیں 20 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کم ہوگئی ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آن گرڈ، ہائبرڈ اور آف گرڈ سولر سسٹمز میں استعمال ہونے والی لیتھیم بیٹریز کے نرخوں میں کمی کا رجحان جاری ہے، جس کے باعث سولر سسٹم لگوانے والے صارفین کی مجموعی لاگت میں بھی کمی آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 5 کلوواٹ کی لیتھیم بیٹری کی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے کم ہوکر 2 لاکھ 30 ہزار روپے ہوگئی، جبکہ 16 کلوواٹ بیٹری کی قیمت 7 لاکھ 50 ہزار روپے سے کم ہوکر 6 لاکھ 50 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
مارکیٹ میں لیتھیم بیٹریز کے ساتھ سولر پینلز کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے، جس کے باعث صارفین کی جانب سے سولر سسٹم لگوانے میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔
دوسری جانب نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی کے بعد بجلی کے متبادل انتظام کیلئے آف گرڈ اور ہائبرڈ سولر سسٹمز کی مانگ میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے، ایسے صارفین بجلی ذخیرہ کرنے کیلئے لیتھیم بیٹریز کو سولر سسٹم کا اہم حصہ بنا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کے بعد بجلی بھی مہنگی ہونے کا امکان
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سولر پینلز اور لیتھیم بیٹریز کی قیمتوں میں کمی سے گھریلو اور کاروباری صارفین کیلئے سولر سسٹم کی ابتدائی لاگت کم ہوئی ہے، قیمتوں میں مزید کمی کی صورت میں سولر مصنوعات کی طلب میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔