چھوٹے کاروباری حضرات کیلئے بڑی سہولت، لاکھوں روپے تک فنانسنگ کی منظوری
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)کے مطابق ’شامل کار تاجر‘ کے نام سے متعارف کرائی گئی اس سہولت کے ذریعے چھوٹے تاجر منظور شدہ سپلائرز سے کاروباری سامان خریدنے کے لیے ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے فنانسنگ حاصل کر سکیں گے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد چھوٹے کاروبار کو باضابطہ اور قانونی کریڈٹ نظام تک آسان رسائی فراہم کرنا اور ان کی مالی ضروریات پوری کرنے میں مدد دینا ہے۔
چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ڈسٹریبیوشن کے ذریعے ایسے چھوٹے کاروبار تک فنانسنگ کی سہولت پہنچائی جائے گی جو روایتی مالیاتی نظام کے تحت قرضوں تک رسائی حاصل کرنے سے محروم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرا عظم فیول ریلیف پروگرام میں عوام کیلئے مزید سہولت
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ڈیجیٹل فنانسنگ کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے ساتھ صارفین کے حقوق اور ان کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ایس ای سی پی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران نان بینکنگ کمپنیوں نے ملک بھر میں چھوٹے کاروباروں کو مجموعی طور پر 253 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے، جبکہ اس عرصے میں تقریباً 25 لاکھ افراد کو چھوٹے کاروبار کے لیے فنانسنگ کی سہولت فراہم کی گئی۔
ایس ای سی پی کے اس اقدام کو چھوٹے کاروباروں کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔