پیٹرول کے بعد آٹا بھی مہنگا، فی کلو کتنے کا ہو گیا؟
جیکب آباد میں آٹا فی کلو 130 روپے سے بڑھ کر 150 روپے کا ہوگیا، 40 کلو تھیلے کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آٹے کے 40 کلو تھیلے کی قیمت بھی 4 ہزار روپے سے بڑھ کر 5 ہزار 500 روپے تک پہنچ گئی، قیمت میں ہونے والے اس اضافے نے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ان کیلئے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل بنا رہا ہے، آمدن میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باوجود اشیائے ضروریہ مہنگی ہونے سے عام آدمی شدید متاثر ہورہا ہے۔
شہریوں نے آٹے کی قیمتوں میں فوری کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے انتظامیہ سے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ آٹا بنیادی ضرورت کی اشیاء میں شامل ہے اور اس کی قیمت میں اضافہ براہ راست غریب اور متوسط طبقے کے بجٹ کو متاثر کرتا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی اور منافع خوری کیخلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ انہیں مناسب نرخوں پر آٹا دستیاب ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں بارشوں کا نیا الرٹ جاری
آٹے کی قیمت میں تازہ اضافے نے ایک بار پھر ملک میں بڑھتی مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے کے اقدامات کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں۔