بجلی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان
مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ملک بھر کے بجلی کے بجلی صارفین کیلئے ایک اور تشویشناک خبر سامنے آئی ہے، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی کی قیمت میں ایک ماہ کے لیے فی یونٹ ایک روپے 20 پیسے اضافے کی درخواست زیر سماعت ہے، اگر یہ درخواست منظور ہوتی ہے تو اس کا اطلاق اگست کے بلوں پر ہوگا جس سے کراچی سمیت ملک بھر کے لاکھوں صارفین کو اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ (CPPA) نے جون کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی مد میں بجلی کی قیمت بڑھانے کی درخواست نیپرا کو جمع کرا رکھی ہے، اس درخواست پر آج سماعت کی جارہی ہے جس کے بعد ریگولیٹری اتھارٹی تمام دستیاب اعداد و شمار اور متعلقہ فریقین کا موقف سننے کے بعد اپنا حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔
سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق جون کے دوران ملک میں بجلی کی پیداوار کا سب سے بڑا حصہ ہائیڈرل ذرائع سے حاصل کیا گیا جو مجموعی پیداوار کا 39 فیصد رہا۔ اس کے علاؤہ مقامی کوئلے سے 10.11 فیصد جبکہ درآمدی کوئلے سے 12.65 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
اسی عرصے میں درآمدی گیس سے 11.02 فیصد اور نیوکلیئر ذرائع سے 13.40 فیصد سے بجلی پیدا کی گئی ہے، بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے مختلف ایندھن کی لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ماہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کا تعین کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کے بلوں میں کمی یا اضافہ کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ
صارفین پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟
اگر مجوزہ اضافہ منظور ہوجاتا ہے تو گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کو ایک ماہ کیلئے فی یونٹ اضافی ادائیگی کرنا ہوگی، اطلاعات کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی متوقع ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ نیپرا کی منظوری کے بعد ہی سامنے آئے گا۔