پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ایران و امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث نئی قیمتوں کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 18 جولائی سے نافذ ہونے والے آئندہ پندرہ روزہ ریویو میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 40 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔ اگر یہ اضافہ منظور ہو جاتا ہے تو اس کے اثرات ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حکومت قیمتوں میں ممکنہ اضافے کا بوجھ کم کرنے کیلئے پیٹرولیم لیوی میں کمی پر غور کر رہی ہے، تاکہ صارفین کو کسی حد تک ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ قیمتوں کے سرکاری اعلان کے وقت کیا جائے گا۔
دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل کمیٹی آن مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن نے بدعنوان مارکیٹ عناصر کی سرگرمیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اوگرا کو فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی بحران پیدا نہ ہونے دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:روٹی مزید مہنگی؟ تندور مالکان نے وارننگ دے دی
آئندہ چند روز میں حکومت کی جانب سے نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان متوقع ہے، جس کے بعد عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں سے متعلق حتمی صورتحال معلوم ہو جائے گی۔