پٹرول 13، ڈیزل 14 روپے فی لٹر مہنگا ہونے کا امکان
ذرائع کا بتانا ہے ایران اور امریکا کے دوران حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری تیار کر لی گئی ہے تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں تیل سستا، قیمتوں میں 2 فیصد کمی
وزیراعظم کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق حتمی فیصلے کے بعد پٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردے گی، پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے آئندہ 7 روز کے لیے ہو گا۔
یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 97 پیسے کمی کردی تھی۔
حکومت نے 4 جولائی کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک روپے 97 پیسے کی کمی کے بعد 297 روپے 53 پیسے مقرر کی تھی جبکہ اس سے قبل 299 روپے 50 پیسے تھی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی ایک روپے 97 پیسے کم کرکے فی لیٹر 309 روپے 50 پیسے ہوگئی تھی، حکومت نے اس سے قبل ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 311 روپے 47 پیسے مقرر کی تھی۔