سونے کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ
قیمتوں میں اچانک اضافے نے سرمایہ کاروں، زیورات کے خریداروں اور تاجروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 12 ہزار 200 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 40 ہزار 936 روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 10 ہزار 459 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار 31 روپے مقرر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی، بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 122 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 185 ڈالر تک پہنچ گئی، جس کا براہِ راست اثر پاکستان سمیت مختلف ممالک کی مقامی مارکیٹوں پر بھی پڑا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال، سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی دلچسپی اور بین الاقوامی مالیاتی رجحانات سونے کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات قرار دی جا رہی ہیں، عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا اثر مقامی صرافہ بازار پر بھی فوری طور پر پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان
صرافہ بازار سے وابستہ افراد کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کے باعث زیورات کی خریداری متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ سرمایہ کار مستقبل کے رجحانات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمت مزید بڑھنے کا امکان بھی موجود ہے۔