عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
کشیدگی میں کمی کی امید اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے امکانات نے عالمی توانائی مارکیٹ پر فوری اثر ڈالا، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتیں مزید نیچے آ گئیں۔
عالمی منڈی میں جمعرات کی صبح برینٹ خام تیل کی قیمت 73 سینٹ یا 1.02 فیصد کمی کے بعد 70.65 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 83 سینٹ یا 1.21 فیصد سستا ہو کر 67.60 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔ اسی دوران اماراتی مربن خام تیل کی قیمت 65.64 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ کاروباری سیشن میں بھی برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی تھی، جس کے باعث دونوں عالمی معیار کے خام تیل کی قیمتیں چار ماہ کی کم ترین سطح تک پہنچ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں دو روز تک جاری رہنے والے بالواسطہ مذاکرات میں امریکی اور ایرانی نمائندوں نے آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کی بحالی، خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے منجمد مالی اثاثوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
قطری حکام نے مذاکرات میں مثبت پیش رفت کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
اگرچہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت جزوی طور پر بحال ہو چکی ہے، تاہم گزشتہ ہفتے ایک مال بردار جہاز پر حملے اور اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جوابی کارروائیوں نے خطے کی صورتحال کو غیر یقینی بنا دیا تھا۔