آٹا اور چاول مزید مہنگے ہوگئے،شہری پریشان
مارکیٹ ذرائع کے مطابق 50 کلو آٹے کے تھیلے اور مختلف اقسام کے چاول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں 50 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 400 روپے تک اضافہ کیا گیا، جبکہ مختلف اقسام کے چاول 20 سے 30 روپے فی کلو مہنگے ہو گئے ہیں۔ قیمتوں میں اس اضافے کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کا گھریلو بجٹ شدید متاثر ہونے لگا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اس کا فائدہ عام صارف تک نہیں پہنچ رہا، روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ مسلسل مہنگی ہوتی جا رہی ہیں، جس کے باعث گھر کا خرچ چلانا پہلے سے زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔
دوسری جانب دکانداروں اور تھوک مارکیٹ سے وابستہ افراد کا مؤقف ہے کہ سپلائی لاگت، مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور دیگر کاروباری اخراجات کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ چند ہفتوں میں آٹا، چاول اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل سستا ہوگیا
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو مؤثر انداز میں کنٹرول نہ کیا گیا تو مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھے گا، جس کے باعث عوام کی قوت خرید میں مزید کمی آ سکتی ہے اور روزمرہ زندگی کے اخراجات میں اضافہ جاری رہنے کا خدشہ ہے۔