سونے کی قیمتوں کو بریک لگ گئی، فی تولہ ہزاروں روپے سستا
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 300 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 52 ہزار 936 روپے کا ہو گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 70 روپے کم ہونے کے بعد 3 لاکھ 87 ہزار 615 روپے تک آ گئی۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث خریداروں میں تشویش پائی جا رہی تھی، تاہم آج کی کمی نے مارکیٹ میں قدرے اطمینان کی فضا پیدا کر دی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی براہِ راست مرتب ہوتے ہیں۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی واضح کمی دیکھی گئی،جس کے بعد فی تولہ چاندی 144 روپے سستی ہونے کے بعد 7 ہزار 359 روپے کی سطح پر آ گئی، جس سے چاندی کے خریداروں کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکس میں کمی کا فیصلہ
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا، جہاں فی اونس سونا 23 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 305 ڈالر پر آ گیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی صورتحال، ڈالر کی قدر اور سرمایہ کاری کے رجحانات سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتے ہیں، جس کے باعث آنے والے دنوں میں مزید ردوبدل دیکھنے میں آ سکتا ہے۔