دودھ دہی کی قیمتیں عوام کی جیب پر مزید بھاری پڑنےلگیں
روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ متوسط اور غریب طبقے کی قوت خرید کو شدید متاثر کر رہا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق لاہور میں دودھ کی قیمت 200 روپے فی لٹر سے بڑھ کر 220 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی ہے جبکہ دہی کی قیمت بھی 240 روپے فی کلو سے بڑھ کر 260 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
دودھ اور دہی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ مختلف علاقوں کی دکانوں اور کریانہ اسٹورز پر یکساں طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کر رکھا ہے اور اب روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صورتحال کو مزید سنگین بنا رہا ہے۔
خریداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا فوری طور پر نوٹس لے اور قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کے شہری ملک بھر میں مہنگا ترین آٹا خریدنے پر مجبور
دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ دودھ کی سپلائی مہنگی ہونے، جانوروں کے چارے کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹرانسپورٹ اخراجات بڑھنے کی وجہ سے نرخوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔
دودھ فروشوں کا کہنا ہے کہ وہ خود بھی محدود منافع پر کام کر رہے ہیں لیکن بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہیں۔
شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری ریلیف اقدامات کرے اور پرائس کنٹرول میکنزم کو مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو کچھ سہولت مل سکے۔