سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی تیاری

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی تیاری کر لی۔
فائل فوٹو
Updated 18 گھنٹے قبل | Published June, 8 2026 | Muhammad Bilal
اسلام آباد : (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی تیاری کر لی۔

ایف بی آر نے آئندہ مالی سال یکم اکتوبر سے سوشل میڈیا پر دولت کا دکھاوا کرنے والے نان فائلرز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سوشل میڈیا پر اپنی پر تعیش زندگی اور دولت کی نمود و نمائش کرنے والے نان فائلرز کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سوشل میڈیا پر مہنگی گاڑیوں، بنگلوں، برانڈڈ کپڑوں اور شادیوں میں لاکھوں روپے اڑانے والے لیکن ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے امرا کے خلاف یکم اکتوبر سے ملک گیر کارروائیاں شروع کی جا رہی ہیں۔

ایف بی آر کی مخصوص ٹیمیں یکم جولائی سے 30 ستمبر تک سوشل میڈیا پر لائف اسٹائل دکھانے والوں کی سخت مانیٹرنگ کریں گی اور خصوصی ٹیم کی مدد سے اہم ڈیٹا حاصل کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے لیکن گوشوارہ جمع نہ کرانے والوں کی فہرستیں تیار کی جائیں گی اور پھر ایسے انفلوئنسرز کو ایف بی آر کی جانب سے نوٹس بھجوائے جائیں گے۔

علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر شادی کی تقریبات ، قوالی نائٹس اور دیگر محافل ، موسیقی اور رقص کی تقاریب میں نوٹ نچھاور کرنے والے نان فائلرز بھی ایف بی آر کے رڈار میں آئیں گے جبکہ مہنگے ہوٹلز میں کھانوں کی نمائش کرنے والے گوشوارہ جمع نہ کرانے پر زد میں آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر قانونی اسلحہ کیس، ٹک ٹاکر بلال مارتھ کو جیل بھیجنے کا حکم

ذرائع ایف بی آر کا بتانا ہے کہ سوشل میڈیا پر دکھاوا کرنے والے افراد کی اصل شناخت کے لیے نادرا نے بھرپور معاونت کی ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے اخراجات، کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈ اور بیرون ملک سفر کی تمام تفصیلات حاصل کی جا چکی ہیں۔

سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے لیکن گوشوارہ جمع نہ کرانے والوں کے خلاف یکم اکتوبر 2026 سے کارروائیوں کا آغاز ہو گا، انکم ٹیکس گوشوارہ جمع کرانے کیلئے آخری تاریخ 30 ستمبر ہے اور اس کے بعد اس میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔