مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ

Chicken Price in Pakistan
فائل فوٹو
Updated | Published June, 6 2026 |
لاہور:(ویب ڈیسک) مہنگائی کے ستائے شہریوں کیلئے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، فارمی مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

روزمرہ خوراک میں شامل ان اشیا کے مہنگا ہونے سے گھریلو بجٹ مزید متاثر ہونے لگا ہے اور شہریوں نے حکومت سے فوری ریلیف کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی اوپن مارکیٹ میں برائلر گوشت کی قیمت 417 روپے سے بڑھ کر 500 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔

اسی طرح فارمی انڈوں کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، ایک درجن انڈے 239 سے 245 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے برائلر گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کیلئے گوشت کی خریداری مشکل ہوتی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مرغی اور انڈے عام آدمی کی سستی خوراک سمجھے جاتے تھے، لیکن اب یہ بھی مہنگائی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق طلب اور رسد میں فرق، پیداواری لاگت میں اضافے اور دیگر عوامل قیمتوں میں اضافے کی وجوہات قرار دی جا رہی ہیں، تاہم شہریوں کا مؤقف ہے کہ متعلقہ ادارے قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فکسڈ ٹیکس اسکیم میں شامل دکانداروں کو کیا فوائد ملیں گے؟

شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ برائلر گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے اور ضروری غذائی اشیا مناسب نرخوں پر دستیاب رہیں۔