عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہوگیا

Global Oil Prices Today
فائل فوٹو
Updated 10 گھنٹے قبل | Published May, 21 2026 |
لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 78 سینٹ اضافے کے بعد 105.80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل 84 سینٹ اضافے کے ساتھ 99.10 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔ اس سے قبل بدھ کو دونوں اہم بینچ مارکس میں 5 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کو آخری مرحلے میں داخل ہونے کا عندیہ دیا تھا، تاہم انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ امن معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں مزید فوجی کارروائیاں ممکن ہیں۔

اس بیان کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی، جس کے اثرات تیل کی قیمتوں پر بھی دیکھے جا رہے ہیں۔

امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکا میں خام تیل اور پٹرول کے ذخائر میں کمی ہوئی، جس سے عالمی مارکیٹ کو کچھ سہارا ملا اور قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

دوسری جانب پاکستان نے مستقبل میں ممکنہ ایندھن بحران سے بچنے کیلئے ایک سے تین ماہ تک کے اسٹریٹجک پیٹرولیم ذخائر قائم کرنے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔

ابتدائی مرحلے میں ایک ماہ کے ذخائر بنانے پر غور کیا جا رہا ہے، جس پر تقریباً ایک ارب ڈالر لاگت آنے کا تخمینہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف کی پٹرولیم لیوی ہدف میں 18 فیصد اضافے کی سفارش

ذرائع کے مطابق اس منصوبے میں سعودی عرب اور کویت نے سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جبکہ کئی ترقی یافتہ ممالک پہلے ہی ایسے ذخائر قائم کر چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں صرف تقریباً 21 دن کی ضروریات کے برابر کمرشل اسٹاک موجود ہے، اس لیے نئے ذخائر توانائی کی فراہمی کو ہنگامی حالات میں محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔