سونے کی قیمتوں میں تیزی کے بعد بڑی کمی
Gold price drop Pakistan
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں کمی کے بعد پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اچانک کمی دیکھنے میں آئی، جس سے سرمایہ کاروں اور خریداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوس ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 9 ہزار 500 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 94 ہزار 662 روپے ہو گئی ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 8 ہزار 145 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 24 ہزار 92 روپے پر پہنچ گئی ہے۔

ذہن نشین رہے کہ عالمی منڈی میں سونے کا بھاؤ بھی کم ہوا ہے، یہ 95 ڈالرز کی کمی کے بعد 4 ہزار 723 ڈالرز فی اونس پر آ گیا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں کی کمی اور ملکی کرنسی کے استحکام کے سبب سونے کی مقامی قیمت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا تھا، جس میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 15 ہزار 700 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم آج یہ رجحان پلٹ گیا اور مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوگیا

واضح رہے کہ سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ عالمی اور ملکی سطح پر اقتصادی اور سیاسی حالات سے جڑا ہوا ہے، اس لیے سرمایہ کاروں کو اچانک فیصلے کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور طویل مدتی منصوبہ بندی کے تحت سرمایہ کاری پر غور کرنا چاہیے۔

صرافہ مارکیٹ کے مطابق آئندہ چند دنوں میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے، جس کی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈیمانڈ اور سپلائی کے مسائل اور عالمی اقتصادی حالات ہیں۔