عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہوگیا
Global oil prices surge
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث توانائی کی عالمی منڈی میں بے چینی کی فضا پیدا ہو گئی۔

تازہ رپورٹ کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد یہ 97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔

دوسری جانب برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 2.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ 96.86 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی سیاسی کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث سامنے آیا ہے۔

اس تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان نے بھی مارکیٹ پر اثر ڈالا ہے، انہوں نے کہا کہ امریکی افواج ایران کے اطراف اپنی پوزیشن برقرار رکھیں گی اور مکمل و حقیقی معاہدے پر عمل درآمد تک تیار رہیں گی۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حالات مزید خراب ہوئے تو امریکا سخت ردعمل دینے سے گریز نہیں کرے گا۔

امریکی صدر نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز کو ہر صورت محفوظ اور کھلا رکھا جائے گا تاکہ عالمی تجارت متاثر نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کا آبنائے ہرمز پر کرپٹو کرنسی میں ٹیکس وصول کا فیصلہ

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت اور خاص طور پر درآمدی ممالک پر نمایاں طور پر پڑیں گے۔