تندور مالکان نے پیداواری لاگت میں اضافے کو جواز بناتے ہوئے قیمتوں میں 5 روپے اضافہ کر دیا ہے کیونکہ زیادہ تر دکانیں گیس کی کمی کے باعث ایل پی جی استعمال کر رہی ہیں۔
ذرا ئع کے مطابق ایل پی جی مختلف علاقوں میں 500 سے 530 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہی ہے اور قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہیں۔
تندور مالکان نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں ہیرا پھیری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ایک مقامی تندور مالک نے بتایا کہ زیادہ تر تندور ایل پی جی پر منتقل ہو چکے ہیں جس سے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں 9 اور 10 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دکانداروں کے پاس قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہا۔ اضافے کے بعد کم وزن روٹی 25 روپے، بڑی روٹی 30 روپے جبکہ چپاتی 20 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
شہریوں نے اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دودھ کے بعد روٹی کی قیمت میں اضافہ گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ ڈال رہا ہے اور حکومت سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔