موبائل ایپ کے ذریعے کتنا پٹرول ملے گا؟ فیصلہ ہو گیا
Pakistan fuel subsidy
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) توانائی بحران کے پیش نظر حکومت نے ملک بھر میں سبسڈائز پٹرول کی فراہمی کیلئے جدید موبائل ایپ کے ذریعے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

وزارت آئی ٹی نے اس سلسلے میں 24 ہزار موبائل فونز کی خریداری کیلئے اظہار دلچسپی طلب کر لیا، جبکہ نیشنل آئی ٹی بورڈ موبائل فونز کی قیمت طے کرے گا۔

اس منصوبے کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیاں موبائل فونز خرید کر ملک کے 12 ہزار پٹرول پمپس پر فراہم کریں گی، ہر پٹرول پمپ پر دو نوٹ سبسڈائز پٹرول کیلئے مخصوص کیے جائیں گے، ٹو اور تھری ویلرز کو موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈائز پٹرول مہیا کیا جائے گا۔

موجودہ تجویز کے مطابق موٹر سائیکل مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک سبسڈائز پٹرول فراہم کیا جائے گا، تاہم 800 سی سی تک گاڑیوں کیلئے   سبسڈی دینے کا فیصلہ ابھی نہیں ہو سکا۔

موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل واوچرز جاری کیے جائیں گے اور کوٹے سے زیادہ پٹرول لینے کی اجازت نہیں ہوگی، وزارت آئی ٹی کے مطابق ایپ کی ٹیسٹنگ کے حتمی مراحل جاری ہیں، ملک بھر کے پٹرول پمپس کی نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ سبسڈی کا عمل شفاف اور مؤثر ہو۔

یہ بھی پڑھیں:ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

حکومت نے کہا ہے کہ جنگ اور دیگر بحران کے باعث حالات خراب ہونے کی صورت میں متبادل پلان بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

توانائی بحران کے دوران مختلف آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو پٹرول کی دستیابی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو اور سبسڈی کا نظام مؤثر طریقے سے چل سکے۔