ایل پی جی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
LPG prices Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اچانک اضافے نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا، جس کے باعث گھریلو صارفین اور ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد خاص طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔

مختلف شہروں میں قیمتوں کا غیر معمولی فرق بھی دیکھنے میں آ رہا ہے جس نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

گوجرانوالہ میں ایل پی جی 420 سے 460 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کا بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

رکشہ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے ان کی آمدن کو کم کر دیا ہے اور روزمرہ اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی ایل پی جی کی قیمت 350 سے 380 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے، جو سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ ہے۔

علی حیدر نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے پیچھے صرف دکاندار ہی نہیں بلکہ مارکیٹنگ کمپنیاں اور ڈسٹری بیوٹرز بھی شامل ہیں، جس کے باعث مجموعی طور پر 130 روپے فی کلو تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سٹاک مارکیٹ میں مندی کا راج، سرمایہ کار پریشان

اوگرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارے کو سرکاری سطح پر قیمتوں میں اضافے کی کوئی اطلاع نہیں ملی، اگر کہیں زائد قیمت وصول کی جا رہی ہے تو متعلقہ صوبائی حکومتیں کارروائی کریں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور مہنگائی کی نئی لہر جنم لے سکتی ہے۔