عالمی منڈی میں اچانک تیل کی قیمتیں گر گئیں
عالمی  منڈی
کئی روز تک مسلسل اضافے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) کئی روز تک مسلسل اضافے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، امریکی اور برطانوی خام تیل کی قیمتیں چار فیصد سے زائد کم ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت کم ہو کر 90.98 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے، جبکہ برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت بھی کم ہو کر تقریباً 94.67 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ کمی اس وقت سامنے آئی ہے جب گزشتہ چند دنوں کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔

اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ زیادہ تر جغرافیائی سیاسی صورتحال، عالمی طلب و رسد اور بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی پالیسیوں سے متاثر ہوتا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران سے متعلق عالمی سیاسی بیانات بھی توانائی کی منڈی پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: موٹر سائیکل سوار 2200 روپے کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟

اسی تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک اہم بیان بھی سامنے آیا ہے جس نے عالمی منڈی کی صورتحال پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ جلد ختم ہونے والی ہے اور امریکا اس جنگ میں تقریباً کامیابی حاصل کر چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی کارروائیاں طے شدہ منصوبے کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ ان کے بقول امریکی افواج نے ایران کی اہم عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے، جن میں خاص طور پر ایران کی ڈرون مینوفیکچرنگ صلاحیت شامل ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب بھی کسی بڑے جغرافیائی تنازعے میں کمی یا جنگ کے خاتمے کی امید پیدا ہوتی ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر فوری اثر پڑتا ہے۔ کیونکہ سرمایہ کار اور توانائی کی کمپنیاں مستقبل کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اپنی حکمت عملی تبدیل کرنا شروع کر دیتی ہیں۔

 

ضرور پڑھیں