پاکستان میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.37 فیصد کا اضافہ ہو گیا، ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی بڑھنے کی سالانہ شرح 4.70 فیصد کی سطح پر ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے کے دوران 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 11 کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں چکن کی فی کلو قیمت میں 35روپے 48 پیسے کا اضافہ ہوا، فی درجن کیلے 7 روپے سے زائد اور لہسن ساڑھ 6 روپے تک مہنگا ہوا، بیف، مٹن، گڑ اور سگریٹس بھی گزشتہ ہفتے مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 2 سو روپے تک اضافہ ہوا جبکہ ایک ہفتے میں پٹرول 8 روپے اور ڈیزل 5 روپے 16 پیسے تک مہنگا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کا پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے کا مطالبہ
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 7 روپے 14 پیسے فی کلو تک سستے ہوئے ،گزشتہ ہفتے میں انڈوں کی قیمت میں 20 روپے فی درجن کمی ریکارڈ کی گئی، پیاز 4 روپے، آلو ایک روپیہ 67 روپے فی کلو تک سستے ہوئے۔
ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 54 روپے 53 پیسے سستا ہوا جبکہ دال ماش، دال مسور، چینی اور ویجی ٹیبل گھی بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بریڈ ،تازہ دودھ ،دہی سمیت 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔