کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا اور 4000 سے زائد پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ انڈیکس ایک لاکھ 56 ہزار 106 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا، بینکاری، توانائی اور سیمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھنے سے مارکیٹ کو سہارا ملا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار رہی تھی اور ہنڈرڈ انڈیکس 16000 سے زائد پوائنٹس کی بڑی کمی کے بعد ایک لاکھ 51 ہزار 972 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم آج کی تیزی نے گزشتہ روز کے نقصانات کا بڑا حصہ پورا کر دیا ہے۔
دوسری جانب ایشیائی منڈیوں میں منفی رجحان برقرار ہے، جاپان کی سٹاک مارکیٹ میں 327 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، جنوبی کوریا کی مارکیٹ 1.26 فیصد نیچے آگئی جبکہ ہانگ کانگ کی مارکیٹ میں 2 فیصد تک گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ایران اسرائیل کشیدگی، پیٹرول کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ
ادھر بینکوں کے درمیان ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور امریکی ڈالر ایک پیسے کی کمی کے بعد 279 روپے 45 پیسے پر آگیا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مقامی سرمایہ کاری کا رجحان برقرار رہا تو مارکیٹ مزید استحکام حاصل کر سکتی ہے۔