مشرقی وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جنگی کشیدگی کے اثرات پاکستان اسٹاک مارکیٹ تک جا پہنچے جہاں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی شدید مندی دیکھنے میں آئی ہے، مارکیٹ کے آغاز پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں کمی کے باعث فروخت کا دباؤ بڑھ گیا ہے جس کے نتیجے میں پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 15 ہزار سے زائد پوائنٹس کی بڑی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر دلی تعزیت پیش کرتے ہیں: وزیراعظم
کاروبار کے ابتدائی لمحات میں 100 انڈیکس 15 ہزار 344 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 52 ہزار 717 کی سطح تک آگیا تھا تاہم کچھ دیر بعد معمول بہتری کے باوجود انڈیکس 14 ہزار 733 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 53 ہزار 329 پر ٹریڈ کرتا رہا، جو مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
شدید مندی کے باعث پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں 8.97 فیصد کمی پر سرکٹ بریکر نافذ کیا گیا ہے جس کے تحت مارکیٹ میں کاروبار کو 45 منٹ کے لیے معطل کر دیا گیا، اسی طرح کے ایس سی 30 انڈیکس میں بھی 9.42 فیصد کمی کے بعد کاروبار کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔
عالمی سطح پر کشیدگی اور غیر یقینی حالات سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کر رہے ہیں، جس کے باعث مارکیٹ میں دباؤ برقرار رہنے کا خدشہ ہے جبکہ آنے والے دنوں میں صورتحال کا دارومدار عالمی حالات پر ہوگا۔