بلاسود ماہانہ قسطوں پر موٹرسائیکل حاصل کریں
سوزوکی GD 110S
سوزوکی پاکستان نے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنی مقبول موٹرسائیکل GD 110S پر زیرو فیصد مارک اپ آفر متعارف کرائی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ملک میں موٹرسائیکلوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور بینکوں کے بلند مارک اپ ریٹس کے باعث عام شہری کے لیے نئی بائیک خریدنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ایسے میں سوزوکی پاکستان نے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنی مقبول موٹرسائیکل GD 110S پر زیرو فیصد مارک اپ آفر متعارف کرا دی۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس اسکیم کے تحت خریدار بائیک قسطوں پر حاصل کر سکتے ہیں اور انہیں کسی قسم کا اضافی سود ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس آفر کا مقصد ان صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے جو ایک ساتھ مکمل رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے لیکن اضافی مالی بوجھ سے بھی بچنا چاہتے ہیں۔

سوزوکی GD 110S کی موجودہ قیمت 3 لاکھ 69 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت مارک اپ مکمل طور پر صفر فیصد رکھا گیا ہے، یعنی بائیک کی قیمت میں کوئی اضافی چارج شامل نہیں کیا جائے گا۔
خریداروں کو بائیک حاصل کرنے کے لیے 25 فیصد ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنا ہوگی، جو تقریباً 92 ہزار 475 روپے بنتی ہے۔ باقی رقم 24 ماہ یعنی دو سال کی آسان اقساط میں ادا کی جا سکے گی۔ کمپنی کے مطابق ماہانہ قسط تقریباً 10 ہزار 300 روپے سے شروع ہوتی ہے، تاہم حتمی رقم متعلقہ پلان کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای میں عیدالفطر 2026 کی چھٹیوں کا اعلان

پاکستان میں مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث موٹرسائیکل اب ایک پرتعیش شے نہیں بلکہ روزمرہ کی ضرورت بن چکی ہے۔ سرکاری و نجی ملازمین سمیت طلبہ اور کاروباری افراد کی بڑی تعداد سفری اخراجات کم کرنے کے لیے موٹرسائیکل کو ترجیح دیتی ہے۔

روایتی بینک فنانسنگ کے ذریعے بائیک خریدنے کی صورت میں خریدار کو اصل قیمت سے کہیں زیادہ رقم ادا کرنا پڑتی ہے، کیونکہ اس میں سود شامل ہوتا ہے۔ تاہم سوزوکی کی زیرو مارک اپ آفر کے تحت صارفین وہی قیمت ادا کریں گے جو نقد خریداری پر مقرر ہے، فرق صرف اتنا ہوگا کہ ادائیگی آسان ماہانہ اقساط میں کی جا سکے گی۔

صارفین کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں ایسی اسکیمیں متوسط طبقے کے لیے کسی بڑی سہولت سے کم نہیں۔ کمپنی نے دلچسپی رکھنے والے افراد کو قریبی مجاز ڈیلرشپ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مکمل شرائط و ضوابط سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔

 

ضرور پڑھیں