مرغی کے گوشت کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں
Chicken meat prices Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی لہر کے باعث برائلر گوشت اور دیگر مرغی کے مصنوعات شہریوں کی پہنچ سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔

سرکاری نرخوں کے باوجود مارکیٹ میں برائلر گوشت کی قیمتیں بلند سطح پر فروخت ہو رہی ہیں، جس سے عام صارفین شدید پریشان ہیں۔

محکمہ مارکیٹ ریسرچ کے مطابق برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 526 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 550 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح زندہ مرغی کی قیمت 363 روپے فی کلو جبکہ بون لیس گوشت کی قیمت 700 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، جو شہریوں کیلئے مہنگائی کا باعث بن رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ آمدن میں کسی قسم کا اضافہ نہ ہونے کے باوجود اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتیں ان کے بجٹ پر شدید دباؤ ڈال رہی ہیں۔ برائلر گوشت، جو کبھی سستا اور ہر گھر کا بنیادی پروٹین سمجھا جاتا تھا، اب عام آدمی کیلئے خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سال 2026: ہونڈا ایٹلس موٹرسائیکلوں کے نئے ماڈلز متعارف

ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ کرنسی کی قدر میں کمی، پیداواری لاگت میں اضافہ اور سپلائی چین کے مسائل مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کے اہم عوامل ہیں۔

صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔